بھارت کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلیے 15 رکنی افریقی اسکواڈ کااعلان 

378

جوہانسبرگ(جسارت نیوز) کرکٹ جنوبی افریقا نے آئندہ ماہ بھارت کے خلاف شیڈول پہلے ٹیسٹ میچ کیلیے15رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا اور کپتان فاف ڈیو پلیسی اور فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کی ٹیم میں واپسی کے بعد پروٹیز اسکواڈ مزید مضبوط ہو گیا ہے۔ڈیوپلیسی وائرل انفیکشن اور اسٹین بیماری کے باعث زمبابوے کے خلاف تاریخی 4 روزہ ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکے تھے اور ڈیو پلیسی کی غیرموجودگی میں اے بی ڈی ویلیئرز نے قیادت کے فرائض انجام دیے تھے۔ڈیوپلیسی ٹیم میں واپسی کے بعد اب بھارت کے خلاف شیڈول کیپ ٹان ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے جبکہ اسکواڈ میں آل رانڈر کرس مورس کی بھی انجری سے نجات پانے کے بعد دوبارہ واپسی ہوئی ہے۔وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک ہیمسٹرنگ انجری کے باوجود ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے اور اسکواڈ میں کسی متبادل وکٹ کیپر کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔کوک زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز ہیمسٹرنگ انجری میں مبتلا ہوئے تھے۔