آسٹریلیا نے آخری ایشز ٹیسٹ کیلیے لیفٹ آرم اسپنر آشٹن ایگر کو ٹیم میں طلب کر لیا

414

میلبورن(جسار ت نیوز) آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف شیڈول پانچویں اور آخری ایشز ٹیسٹ میچ کیلیے لیفٹ آرم اسپنر آشٹن ایگر کو ٹیم میں طلب کر لیا، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان آخری ٹیسٹ 4 جنوری سے سڈنی میں شروع ہو گا اور میزبان ٹیم کو سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ آشٹن ایگر نے 2013ء میں انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں 98 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر انٹرنیشنل کرکٹ میں جاندار انٹری کی تھی تاہم انہیں صرف2 ایشز ٹیسٹ میں ٹیم کی نمائندگی کا موقع مل سکا تھا، اس کے بعد رواں برس دورہ بنگلا دیش کیلیے انہیں دوبارہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، انہوں نے 4میچز میں 9وکٹیں لے رکھی ہیں، سڈنی کی وکٹ روایتی طور پرا سپنرز کیلئے موزوں ہے اس لیے انہیں اضافی طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، اگر آسٹریلوی ٹیم نے آخری ٹیسٹ میں پلیئنگ الیون میں دوسرا سپنر کھیلانے کا فیصلہ کیا تو امکان ہے کہ ایگر کو موقع ملے گا۔