آبادگاروں کا آصف زرداری کی میر پور خاص آمد پر احتجاج کا اعلان

406

میرپورخاص (بیورورپوٹ) آباد گاروں کے ساتھ سندھ حکومت بہت ظلم او ر زیادتی کر رہی ہے مگر ہم اپنا حق ہر طریقے سے حاصل کر کے رہ گئے گنے کے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے مقر ر کیے گئے نرخ نہ ملنے او ر شوگرملیں بند ہونا حکومت وقت کی نااہلی ہے 5جنوری کو گاما اسٹیڈیم میرپورخاص میں آصف علی زرداری کے جلسے کے موقع پر ضلع بھر کے ہزاروں آباد گار بھر پور احتجاج اور مظاہر ہ کریں گے ان خیالات کا اظہار آؓباد گار تنظیم سندھ ایگریکلچر ریسرچ کاؤنسل ضلع ٹنڈوالہیٰار کے صدر میر مرتضی اوٹو ، ذوالفقار علیم وسان ،محمد خان مری ،امداد علی اوٹو ،مولا بخش مری اور دیگر نے میرپورخاص سول اسپتال میں گزشتہ دنوں ٹول پلازا پر آباد گاروں کے احتجاج کے دوران خود کو آگ لگانے والے آباد گار مجید قنبرانی کی عیادت کے بعد میرپورخاص پر یس کلب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جو کہ سندھ میں عوام کے حقوق کی دعوے دار ہے مگر افسوس کا مقام ہے کہ سندھ حکومت آباد گاروں کا معاشی قتل کر رہی ہے، زراعت کا نقصان سندھ کی عوام کا نقصان ہے ، کاشت کار سٹرکوں پر در بدر ہو رہے ہیں گنا سٹر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مل مالکان نے سندھ ہائیکورٹ کے حکم کو ہوا میں اڑا دیا ہے جو کہ توہین عدالت ہے ۔سندھ حکومت کے لیے شرم کا مقام ہے کہ سندھ کے آباد گار اپنے حق کے لیے خود سوزی کر رہے ہیں۔دوسری جانب ایف او سی سندھ کونسل کے چیئرمین جاوید علی جونیجو نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے آباد گاروں کا جینا محال کر رکھا ہے، سندھ کے آباد گار گنے کا جائزنرخ نہ ملنے اور شوگرملیں اچانک بند ہونے کی وجہ سے قرض دار ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 5 جنوری کو ہمارا احتجاج اپنے حق کے لیے ہوگا کسی کے خلاف نہیں ۔اور اگر ہمیں زبردستی روکنے کی کوشش کی گئی تو سندھ بھر کے لاکھوں آباد گار پورے سندھ کو جام کر دیں گے جس کی ذمہ داری حکومت سندھ پر ہوگی۔