پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ ،حکومت عوامی مسائل کے حل کیلیے سنجیدہ نہیں ،میاں مقصود 

591

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے اوگراکی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں14روپے فی لیٹر تک اضافے کی سفارش ارسال کرنے پر اپنے شدیدردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ اس فیصلے سے ملک میں مہنگائی کاطوفان برپا ہوگا۔غریب عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، انہیں کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔آئے روزپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی افسوس ناک اورقابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ اگرحکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تو عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوجائے گا۔ پہلے ہی پیٹرولیم مصنوعات عملاً عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔وزیر اعظم اس سمری کو مستردکردیں اورپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی بجائے اس میں مزید کمی کی جائے تاکہ غریب عوام کی مہنگائی کے عذاب سے جان چھوٹ سکے۔اگر مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ماضی کی طرح مہنگائی کی شرح میں اضافہ کیا تو عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے اورموجودہ حکمرانوں کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھنے سے ہر شے مہنگی ہوجاتی ہے۔یوں محسوس ہوتاہے کہ حکمران عوام کاخون چوسنے میں مصروف ہیں انہیں عوام کے مسائل اورمشکلات کے حل سے کوئی غرض نہیں۔(ن)لیگ حکومت کی عاقبت نااندیش پالیسیوں کاخمیازہ براہ راست عوام بھگتنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے اپنے ساڑھے 4 سالہ دور اقتدار میں عوام کی فلاح وبہبودکے لیے کچھ نہیں کیا۔مسائل حل نہ ہونے سے لوگوں میں مایوسی پھیل چکی ہے۔موجودہ حکمران پیپلزپارٹی کے انجام سے سبق سیکھیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کریں بصورت دیگر ان کا انجام بھی پیپلزپارٹی سے مختلف نہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان وسائل کی دولت سے مالا مال ہے مگر بدقسمتی سے ان وسائل سے اغیار فائدہ اٹھارہے ہیں۔حکمرانوں نے منافع بخش اداروں کو اونے پونے فروخت کرنے کی پالیسیاں اختیار کرکے ملک دشمنی کی مثال قائم کی ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ جب تک ظالم حکمران برسراقتدار ہیں اور حقیقی ایماندار قیادت میسر نہیں آتی اس وقت تک21کروڑ عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ جماعت اسلامی ملک وقوم کو مخلص قیادت فراہم کرسکتی ہے۔عوام2018ء کے انتخابات میں اپنے ووٹ درست استعمال کریں۔مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ کرپٹ افراد سے چھٹکارا حاصل کیاجائے۔