گوادر میں پلاٹس کی تقسیم میں منظور نظر افراد کو نوازنے کا انکشاف 

596

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)گوادر میں پلاٹس کی تقسیم کا ایک اور بڑا کرپشن اسکینڈل سامنے آگیا۔ انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کرپٹ افسران کی جانب سے سیکڑوں صنعتی اور کمرشل پلاٹس اپنے رشتہ داروں میں تقسیم کرنے کا چیئرمین نیب نے نوٹس لے لیا۔ اتھارٹی کے دفتر پر چھاپہ مار کر اہم ریکارڈ حاصل کرلیا گیا۔ ترجمان نیب کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ کرپٹ افسران نے دیگر ملازمین کی ملی بھگت سے گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قواعد و ضوابط اور حقیقی سرمایہ داروں کو نظر انداز کرتے ہوئے کمرشل اور صنعتی پلاٹس عزیز و اقارب اور اور منظور نظر افراد میں بانٹ دیے۔ تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ الاٹمنٹ کے حوالے سے صنعت کار ہونے کی شرط کو بھی نظر انداز کرتے ہوئے پلاٹس کی فائلیں فروخت کی گئیں جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ گوادر کی معاشی ترقی کرپٹ عناصر کی ذاتی فوائد کی نذر نہیں ہونے دینگے۔ کرپشن کے ذریعے گوادر کی معاشی ترقی کو داؤ پر لگانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ کیس میں ملوث کرپٹ افسران اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔