نوازشریف کو این آر او کی خواہش نہیں،شبیر حسن انصاری 

571

حیدرآباد (نمائندہ جسارت)مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبروسابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ شبیر حسن انصار ی نے کہاہے کہ بعض سیاسی عناصر نوازشریف کے دورہ سعودی عرب کوکسی ڈیل کا حصہ اور سازش قراردے رہے ہیں۔نوازشریف کو کسی این آر اوکی خواہش نہیں اور نہ ہی پارٹی کو کسی این آراو کی ضرورت ہے اور جو لوگ ایسا سمجھتے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔الزام تراشیاں کرنے والے سیاستدانوں کی اپنی سیاست ختم ہونے والی ہے ،نوازشریف کو ملک سے نہیں بلکہ عوام کے دلوں سے نکال کر ہی مائنس کیا جاسکتاہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے این اے220حیدرآبادمیں لائنز گروپ کی جانب سے منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب میں کیا،انہوں نے کہاکہ نواشریف اس وقت ملک کی سب سے مقبول جماعت کے سربراہ ہیں، جو 3بار اقتدار میں رہی اورملکی ترقی کے لیے ایسے کارنامے سرانجام دیے جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھیں جائینگے ۔انہوں نے کہاکہ نوازلیگ نوازشریف کے بغیر ادھوری ہے،لہٰذاکچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ میاں نوازشریف موجودہ سیاسی حالات کے پیش نظر کسی غیر جمہوری عمل کی طرف جاسکتے ہیں ایسے لوگوں کو ہمیشہ کی طرح منہ کی کھانا پڑے گی ،کیونکہ مسلم لیگ ن عوامی مقبولیت کے لحاظ سے اس مقام پر کھڑی ہے جہاں اسے اس قسم کے کسی اقدام کی ضرورت نہیں ہے ۔ملک میں اپوزیشن کا کردار ادا کرنے والی جماعتوں نے حکمران جماعت پر مثبت تنقید کرنے کی بجائے ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کردیں۔انہوں نے کہاکہ قوم جانتی ہے کہ نوازشریف نے اپنے تینوں ادوار میں سخت مشکلات کو جھیلا اس کے باوجود قوم کو ایٹمی قوت بنانے کے ساتھ انہیں سی پیک جیسے عظیم الشان منصوبوں کا تحفہ دیتے رہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ نوازشریف اوراس کا خاندان بے بنیاد الزامات پر بھی عدالتوں کا سامنا کررہا ہے ۔