بھارتی فوجیوں کے حوصلے پست‘ خودکشی کے رجحان میں اضافہ

674

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فوجی اپنے ہی ہاتھوں زندگیوں کا خاتمہ کرتے ہیں اور اس رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 9 برس میں ایک ہزار 22 فوجیوں نے خودکشیاں کی۔بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر تعینات بھارتی فوجی دستوں کے حوصلے پست ہوتے جارہے ہیں ، بھارتی اخبار میں خودکشیوں کی وجوہات بیان کی گئی ہیں جن میں مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکتیں، ریاستی طاقت کے استعمال کے باوجود کشمیر میں ناکامی کے ساتھ شدید مزاحمت کو قرار دیا گیا جبکہ سرحدی علاقوں میں تعینات فوجیوں کو صرف 2فیصد الاؤنس ملنا، گھرسے دوری ، فوجی افسروں کا جوانوں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اورچھٹیوں کی درخواستوں کا مسترد ہونا بھی بھارتی فوجیوں کی حوصلہ شکنی کا بڑا سبب ہے ۔ دوسری جانب بھارتی وزیرمملکت برائے دفاع سبھاش بھامرکی جانب سے پارلیمان میں پیش کی جانے والی رپورٹ کے مطابق 2009ء سے اب تک 9 برس میں ایک ہزار 22 بھارتی فوجیوں نے خودکشی کی، 2014ئسے 2017ئکے درمیان 425 جبکہ 2009ئسے 2013ئکے درمیان 597 فوجیوں نے مختلف وجوہات کی بنا پر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا ۔ گزشتہ 4 برس میں فوج کے 9 افسران اور 26 اہلکاروں نے خودکشی کی، سب سے کم خودکشیوں کے واقعات بحریہ میں دیکھنے میں آئے جہاں 2 افسران اور 16 سیلرز نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔