کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایس اے ایس آئی ایم ایس) سہون ہیلتھ اور ٹیچنگ کی سہولت کے حوالے سے نہایت اہم ہے جو کہ انڈس ہائی وے پر واقع ہے لہٰذا اسے صحت کی خدمات، میڈیکل کی سہولیات کے حوالے سے ایک اعلیٰ ادارہ بنانا ہے اور یہاں سے بہترین نرسیں اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف کو تربیت دے کر تیار کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایس اے ایس آئی ایم ایس کے بورڈ آف گورنرز کے تیسرے
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت ودیگر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بورڈ کے مشورہ سے 3بڑے وارڈ، ایک ہاسٹل اور ایسی دیگر عمارت تعمیر کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ادارے کے سربراہ کوہدایت کی کہ وہ عمارت کی منظوری کے لیے ایک اسکیم تیار کریں اور اسے محکمہ پی اینڈ ڈی کے پاس جمع کرائیں۔