عافیہ کیلیے امریکی انتظامیہ کو ایک خط نہ لکھنا 2017 ء کاالمیہ ہے، فوزیہ صدیقی

517

کراچی ( صباح نیوز)ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اپیل کی ہے کہ پوری قوم اس دعا اور عزم کے ساتھ نئے سال کا آغاز کرے کہ اللہ تعالیٰ 2018ء کے نئے سال کو عالم اسلام اور پیارے وطن پاکستان کیلیے امن، استحکام، ترقی و خوشحالی اورقوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ، بے گناہ قیدیوں اور لاپتہ افراد کی رہائی اور اپنے پیاروں سے ملنے کا سال بنا دے اور ہمیں ایسے حکمران عطا
فرمائے جو عالمی برادری میں عزت کے ساتھ رہنے کا عزم اور جرات رکھتے ہوں ۔عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ آج2017 ء کا آخری سورج غروب ہوکر عافیہ کی قید ناحق میں ایک سال کا مزید اضافہ اور 5390 دن مکمل کرکے رخصت ہوگا۔عافیہ کی وطن واپسی کیلیے سابق وزیراعظم نواز شریف کا اس سال کے آغاز پر امریکی انتظامیہ کو ایک خط نہ لکھنا 2017 ء کا ایک المیہ ہے۔اندرون اور بیرون ملک میں مقیم تمام پاکستانی شہریوں کو تحفظ اور انصاف فراہم کرنا حکومت، پارلیمنٹ، عدلیہ اور سرکاری اداروں کی اولین ترجیح اور ذمے داری ہونی چاہیے۔ ڈاکٹر فوزیہ نے مزیدکہا کہ پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے قومی وقار اور عزت پر سمجھوتا نہ کرنے کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہیں،اب باری پارلیمنٹ اوردیگر ریاستی اداروں کی ہے کہ وہ بھی عالمی برادری میں قوم کے وقاراور عزت کو بلند کرنے کیلیے ذمے داریاں اد ا کریں۔ عافیہ کی وطن واپسی، ٹیلی فون پر بات چیت اور ملاقات کیلیے عافیہ کے اہلخانہ اور پوری قوم سندھ ، لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹس اور وفاقی محتسب اعلیٰ کے احکامات پر عملدرآمد کی منتظر ہے۔ امریکابلیک واٹر کے ایجنٹ اورپاکستان کی سرزمین پر قتل کے مجرم اپنے شہری ریمنڈ ڈیوس کو واپس لے گیا اور بھارت اپنے جاسوس اور دہشت گرد شہری کلبھوشن یادیو کے لیے عالمی عدالت میں چلا گیا۔