***۔۔۔۔۔۔اندرون ملک سے ۔۔۔۔۔۔***

270

لاہور(آئی این پی )پنجاب کے بیشتر حصوں میں دھند نے ڈیرے جما لیے ، موٹر وے لاہور سے شیخوپورہ ، پنڈی بھٹیاں ، فیصل آباد اور گوجرہ تک بند رہی ، لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل رہا ، اندرون اور بیرون ممالک جانے والی بیشتر پروازوں کے رخ موڑ دیئے گئے ،دھند سے ٹریفک حادثات میں تین افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ۔ لاہور شہر اور گردونواح کے علاقے ایک بار پھر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ حدنگاہ صفر ہونے پر موٹروے کو بند اور علامہ اقبال ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کیا گیا ۔ دھند کے باعث بجلی غائب ہونے سے شہر کے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ۔ لاہور میں سر شام چھانے والی کہر نے رات پڑتے ہی دھند کا روپ دھار لیا تھا۔ جوں جوں رات گزری شدید دھند کی سفید چادر شہر اور نواحی علاقوں کو لپیٹ میں لیتی گئی، نصف شب کو یہ عالم تھا کہ شہر میں دھند کی حکمرانی تو کھلے علاقوں میں ہاتھ کو ہاتھ سجھائی دینا بند ہوگیا تھا۔ حدنگاہ صفر تک پہنچ گئی، موٹروے کو بند کردیا گیا تھا۔ لاہور سے شیخوپورہ اور پنڈی بھٹیاں تک، جبکہ پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور گوجرہ تک سیکشنز پر ٹریفک روک دی گئی ۔ علامہ اقبال ایئرپورٹ اور ملحقہ علاقوں میں حدنگاہ انتہائی کم ہونے پر فلائٹ آپریشن بھی معطل کردیے گئے** محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہیگا۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہیگا۔ آئندہ 48گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہیگا۔تاہم گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہیگا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ بالائی سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔جبکہ شمالی علاقہ جات اور شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقے شدید سرد رہے**موسم کی خرابی کے باعث لاہور جانے والی نجی ائیرلائنز کی پرواز کو ملتان اتار لیا گیا، پرواز میں 148 مسافر سوار تھے۔ نجی ائیر لائیز کی پرواز ابوظہبی سے لاہور جارہی تھی کہ لاہور میں شدید دھند اور حدنگاہ صفر ہونے کے باعث پرواز کو ملتان ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ پرواز میں 148 مسافر سوار تھے جن کو طیارے سے آف لوڈ کر کے لاؤنچ میں شفٹ کر دیا گیا** ہری پور میں بلدھیر کے قریب مسافر کوچ اور ہائی روف کے درمیان تصادم سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ہری پور کے علاقے بلدھیر میں تیز رفتاری کے باعث مسافر کوچ اور ہائی روف میں تصادم ہو گیا۔حادثے میں ایک بچے سمیت 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہری پور ویمن اینڈ چلڈرن اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں زخمی بھی دم توڑ گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ابتدائی طور پر تو تیز رفتاری کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا*فیصل آباد میں دو برداریوں میں دیرنیہ دشمنی پر مخالفین کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر تین افراد کو قتل جبکہ 2 کو زخمی کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق چک نمبر 109 ر ب روڈا ورکشاپ میں 40 سالہ احسان، 25 سالہ رفاقت اور 45 سالہ جمیل اپنے دوست شفیق کی تیمار داری کیلیے آئے ہوئے تھے کہ اسی دوران انکے مخالفین نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تینوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ زخمی ہونیوالے دو افراد راشد اور بشیر کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ملزمان واقعہ کے بعد فرار ہو گئے۔ مقتولین نے دو سال قبل امتیاز عرف قاری کے بھائی افتخار کو قتل کیا تھا۔ ایس پی جڑانوالہ کے مطابق واقع ذاتی دشمنی کی بنا پر پیش آیا ہے**حیدرآباد میں بلدیہ تھانہ کے بقریب نیشنل ہائی وے پر تیز رفتار کار کو پیش آنیوالے حادثہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا تاہم 2افراد زخمی بھی ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق کار کی رفتار تیز ہونے اور کار کا ٹائر پھٹنے کے سبب دیوار سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں جہانزیب نامی شخص جاں بحق ہوگیا اور اس کے دوست زخمی ہو گئے، جنہیں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کردیا گیا ۔ جاں بحق ہونے والا شخص جہانزیب میرپورخاص کا رہائشی تھا۔ جو سٹیزن کالونی میں اپنے ایک دوست سے ملنے کے بعد سابقہ بلدیہ بس اسٹینڈ کے قریب سے گزر رہا تھا**چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے کیبنٹ ڈویژن ورکن قومی اسمبلی رانامحمدحیات خاں کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی او کمیٹی روم میں منعقد ہوا، اجلاس میں ڈی سی او قصور عمارہ خان‘ اراکین قومی اسمبلی ملک رشیداحمدخاں‘ رانامحمداسحاق خاں‘ اراکین صوبائی اسمبلی ملک احمدسعیدخان‘ محمد انیس قریشی‘ نومنتخب چیئرمین ضلع کونسل رانا سکندرحیات‘ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر سید موسیٰ رضا‘ ڈی ایس پی صدرمرزاعارف رشید‘ ای ڈی او ایجوکیشن ذوالفقار علی‘ ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز نسیم اختر‘ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید‘ ڈی او سی عبدالسلام عارف‘ اسسٹنٹ کمشنر چونیاں‘ پتوکی‘ ڈی او پلاننگ ‘و دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی، اجلاس میں محکمہ ایجوکیشن‘واپڈا‘ خادم پنجاب دیہی روڈزپروگرام کے تحت جاری دیہی سڑکات کی تعمیراور تکمیل و دیگر سکیموں کی رفتارکاتفصیلاً جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو حکم دیا گیا کہ زیر تعمیر ترقیاتی سکیموں میں بہترین میٹریل کے استعمال کو ہرصورت یقینی بنائیں اورترقیاتی سکیموں کو جلدازجلد مکمل کیاجائے، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی رانا محمدحیات خاں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے معیارکو بہتر بنانے کیلیے کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا اور ترقیاتی سکیموں میں ناقص کوالٹی میٹریل کے استعمال اور فنڈزکا دیانتدارانہ استعمال نہ کرنیوالوں کے خلاف اس فورم کے ذریعے ایکشن لیاجائے گا، اس کے علاوہ اجلاس میں محکمہ ہیلتھ‘ٹی ایم اے‘ واٹر سپلائی سکیموں‘ضلع میں امن و امان کی صورتحال اور محکموں کی کارکردگی کا بھی جائزلیاگیا۔