پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے

325

گھارو (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما ڈاکٹر راجا ریاض رند نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اصل طاقت پارٹی کے ورکرز ہیں، ورکرز کو نظر انداز کیے جانے سے پارٹی کی ساخت متاثر ہوئی ہے مگر اب پارٹی میں ورکر کی پرانی ساخت بحال کی جائے گی اور اس کی اہمیت کو بحال کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے ضلع ٹھٹھہ کے دورے کے دوران گھارو پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ پیپلز پارٹی کا پرانا مضبوط قلعہ رہا ہے مگر بدقسمتی سے سندھ کا سب سے زیادہ پسماندہ ترین ضلع ہے، اس کی وجہ یہاں سے منتخب ارکان اسمبلی نے ضلع کے لیے مطلوبہ کوششیں نہیں کیں۔ حد تو یہ ہے کہ اس روٹ پر حیدرآباد کے لیے کوئی ٹرانسپورٹ تک موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس روٹ پر کراچی سے حیدر آباد تک بہترین ٹرانسپورٹ کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کر کے اس مسئلے کو حل کیا جائے گا۔ ضلع کی ترقی کے لیے ضلع کے عوام خصوصاً نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا۔ پیپلز پارٹی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ کی ترقی کے لیے عملی اقدامات شروع کردیے گئے ہیں، جلد ہی سندھ کے عوام سندھ کو ترقی کی راہ پر گامزن پائیں گے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کریم بخش لاشاری اور دیگر بھی موجود تھے۔