پاکستان نے بھارتی مداخلت کے تمام دستاویزی ثبوت تیار کر لیے ہیں

340

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) پاکستان نے بھارتی مداخلت کے تمام دستاویزی ثبوت تیار کر لیے ہیں ،جس میں سی پیک کی جاسوسی ، بھارتی آبدوز کی دراندازی کی وڈیو اور کل بھوشن یادو کا اعترافی بیان بھی شامل ہے ، دفتر خارجہ نے ڈوزیئر اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کو پہنچا دیے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت مکمل طور پر حاصل ہوگئے، دفترخارجہ نے ڈوزیئر تیار کرکے اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کو پہنچا دیے۔سفارتی ذرائع کے مطابق ڈوزیئر میں گرفتار بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کا اعترافی بیان،متعلقہ دستاویزات اور پاکستانی پانیوں میں بھارتی سب میرین کی موجودگی کی وڈیوبھی شامل ہے۔ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل کے چارج سنبھالتے ہی انہیں ڈوزیئر پیش کیا جائے گا۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈوزیئرمکمل کرکے نیویارک میں موجود پاکستانی مشن کو پہنچا دیا گیاہے ۔سفارتی ذرائع کہتے ہیں کہ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی جنوری کے دوسرے ہفتے میں سیکرٹری جنرل کو ڈوزیئرپہنچائیں گی۔ پاکستان نے ڈوزیئر میں مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ تمام شواہد کے پیش نظر معاملات کا نوٹس لے۔