نیشنل بینک نے ریجنل ٹیکس آفس گلستان جوہر میں ذیلی برانچ قائم کر دی

374

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیشنل بینک آف پاکستان نے ریجنل ٹیکس آفس تھری گلستان جوہر میں ذیلی برانچ قائم کر دی ہے ۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ممبر آئی آر ڈاکٹر محمد ارشاد خان نے برانچ کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر قومی بینک کے ریجنل منیجر آپریشن کراچی معشوق علی خواجہ ،ایریا منیجر شاہین امتیاز اور دیگر بھی موجود تھے ۔ ریجنل منیجر آپریشن کراچی معشوق علی خواجہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ممبرکو پرانچ آپریشن سے متعلق بریفنگ دی اس موقع پر معشوق علی خواجہ کا کہنا تھا کہ آر ٹی او آفس تھری میں قومی بینک کے ذیلی برانچ کھلنے سے ٹیکس دہندگان کو مختلف ٹیکسز کی ادائیگی میں آسانی ہو گی جس سے نہ صرف ٹیکس دہندگان کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچ جائے گا بلکہ وہ رقم چھننے یا چوری ہو جانے کے خطرات سے بھی محفوظ ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ برانچ سی او ڈی کی سرپرستی میں متحرک ہوکر کام کرے گی اور صارفین بھی یہاں کی خدمات سے اطمینان محسوس کریں گے،انہوں نے کہا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ریجنل ٹیکس آفس گلستان جوہر میں قومی بینک کی ذیلی برانچ کا قیام ناگزیر تھا گذشتہ دو برس سے کوششیں جاری تھی، چیف کمشنر ایف بی آر فیض الہی میمن نے مذکورہ برانچ کو کھولنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنوری2017ء کے اختتام سے قبل ہی یہاں اے ٹی ایم مشین کو فعال کر دیا جائے گا فی الوقت برانچ میں چار کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں جس میں وقت کے ساتھ اضافہ کر دیا جائے گا ۔