میلبورن(جسارت نیوز) قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز مصباح الحق نے آسٹریلیا کے ہاتھوں ٹیسٹ میں شرمناک شکست کے بعد ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے دیا، گزشتہ روز میلبورن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب مستقبل کے بارے میں سوچنے کا وقت آگیا ہے، ریٹائرمنٹ کا فیصلہ 2 سے 3روز میں کریں گے۔ ٹیسٹ میں شکست کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں اچھا اسکور کرنے کے باوجود شکست پر بہت مایوسی ہوئی، کریڈٹ آسٹریلوی بلے بازوں کو جاتا ہے جنہوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بولرز آسٹریلوی بلے بازوں کو قابو کرنے میں ناکام رہے۔ واضح رہے کہ مصباح الحق کی آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دونوں ٹیسٹ میچز میں کارکردگی مایوس کن رہی، برسبین میں کھیلے گئے میچ کی پہلی اننگز میں انہوں نے 4 اور دوسری میں 5 رنز بنائے، اسی طرح میلبورن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں وہ 11 اور دوسرے میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔