اسلام آباد (اے پی پی) عدالت عظمیٰ نے محکمہ پولیس میں شولڈرپروموشن کے حوالے سے مقدمے کافیصلہ سناتے ہوئے متاثرہ پولیس افسران کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اور عدالتی فیصلے پرنظرثانی کیلیے دائرتمام درخواستیں خارج کردی ہیں۔ جمعہ کوفیصلہ جسٹس امیرہانی مسلم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سنایا جوقبل ازیں 14 دسمبرکو5رکنی لارجربنچ نے کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد
محفوظ کرلیا تھا۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے عدالت عظمیٰ کی جانب سے آؤٹ آف ٹرن پروموشن پانے والے افسران سے ترقی واپس لینے کافیصلہ برقراررکھتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے حکم کے باعث ترقی پانے والے افسران اپنے عہدوں پربرقرار رہیں گے تاہم جن افسران نے آؤٹ آف ٹرن پروموشن حاصل کی ہے ان سے ترقی واپس لی جائے اوران کی ترقی کو ان کے اپنے بیج کے افسران کے مطابق بنایا جائے۔ عدالت نے آئی جی پنجاب، سیکرٹری داخلہ واسٹیبلشمنٹ ڈویژن کوہدایت کی کہ آؤٹ آف ٹرن پروموشن کیس میں عدالتی حکم پرمکمل طورپرعملدر آمد کویقینی بنایاجائے۔ چیف جسٹس انورظہیرجمالی نے فیصلے کے حوالے سے اختلافی نوٹ تحریرکیا ہے۔ واضح رہے کہ اس عدالتی فیصلے سے 10 ہزار پولیس افسران متاثر ہوں گے۔