میلبورن(جسارت نیوز)آسٹریلیا کیخلاف میلبورن ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم پر جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی میچ ریفریز کے ایلیٹ پینل کے رکن رانجن مدوگلے نے مقررہ وقت میں 2 اوور کم کرانے پر کپتان مصباح الحق پر میچ فیس کا 40 فیصد اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر 20 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔واضح رہے کہ کھلاڑیوں اور کھلاڑی کے تعاون سے متعلق آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق کسی بھی ٹیم کے کھلاڑیوں کو فی اووور میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے جو وہ مقررہ وقت میں نہیں کرا پاتے جبکہ کپتان کو اس جرمانے کا دو گنا عائد ہوتا ہے۔اس قانون کے مطابق کپتان مصباح الحق کو میچ فیس کا 40 فیصد جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیاہے۔ مصباح الحق نے جرم اور سزا قبول کر لی ہے اس لئے معاملے کی کوئی سماعت نہیں ہو گی۔