جسٹس ثاقب نثار آج چیف جسٹس کا حلف اٹھائیں گے

364

اسلام آباد (آن لائن) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی اپنی مدت ملازمت پوری کر کے جمعے کو ریٹائر ہو گئے جبکہ نئے نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ صدر ممنون حسین جسٹس ثاقب نثار سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیں گے، تقریب حلف برداری ایوان صدر میں منعقد ہو گی ، جس میں وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزرا ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، اراکین قومی اسمبلی، سیاسی رہنما، عدالت عظمیٰ اور عدالت عالیہ کے ججز
سمیت وکلا اور بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران شرکت کریں گے۔ وہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے 25 ویں چیف جسٹس ہوں گے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی نے14ماہ پاکستان کے چیف جسٹس کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیے۔ یاد رہے کہ 7دسمبرکوصدر مملکت ممنون حسین نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس میاں ثاقب نثار کونیا چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کرنے کی منظوری دی تھی اوروزارت قانون و انصاف نے جسٹس ثاقب نثار کی بطور چیف جسٹس تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔