تیاریاں آخری مراحل میں ‘ انتظامی امور طے کرلیے گئے

299

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امت رسول ؐ مارچ کی تیاریاں اور انتظامات تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گئے ہیں ۔شہر بھر سے آنے والے جلوسوں ،ریلیوں اور قافلوں کی آمد اور مارچ میں
شرکت کے لیے روٹس طے کر دیے گئے ہیں جبکہ یکم جنوری کے دن کے لیے بھی مختلف اضلاع اور متعدد کمیٹیوں کو ذمے داریاں سونپ دی گئی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق مردوں کے قافلے نمائش یا کشمیر روڈ سے شاہراہ قائدین پر سوسائٹی آفس پہنچیں گے جہاں نمازِ عصر ادا کی جائے گی اور مارچ وہاں سے شاہراہ قائدین پر روانہ ہو گا ۔مردوں کے قافلے پیدل سیدھے ہاتھ والے ٹریک (قائداعظم کے مزار کی طرف آنے والی سڑک ) پرہوں گے ۔مردوں کی پارکنگ نورانی کباب ہاؤس چورنگی سے پیچھے کی طرف خداداد کالونی تک ہوگی ۔خواتین کے تمام قافلے نمائش اور کشمیر روڈ کے راستے شاہراہ قائدین سوسائٹی آفس سے داخل ہوں گے اور بائیں ہاتھ والے ٹریک (شاہراہ فیصل کی طرف جانے والی سڑک ) پر تمام گاڑیاں نورانی کباب ہاؤس سے آگے شیل پمپ تک جائیں گی اور خواتین وہاں سے گاڑیوں سے اُتر کر مارچ میں شریک ہوجائیں گی ۔اسٹیج کی سیکورٹی کی ذمے داری ضلع جنوبی کی ہوگی ۔ٹریفک کنٹرول و مارچ کو منظم کر نا ضلع وسطی کی ذمے داری ہے ۔نماز کے اہتمام کی ذمے داری ضلع بن قاسم کی ہوگی ۔تمام شر کا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ باوضو ہو کر شریک ہوں ۔طارق روڈ چورنگی سے لے کر سوسائٹی آفس تک مارچ کے پورے راستے کی تزئین اور آرائش ، پانی ،وضو کی ذمے داری ضلع شر قی کی ہوگی ۔شاہراہ قائدین کے دونوں طرف انتظامی کیمپ کی ذمے داری ضلع شر قی کی ہو گی ۔الخد مت کے تحت موبائل میڈیکل کیمپ قائم کیا جائے گا ۔ جہاں الخدمت کی ایمبولینس ، ڈاکٹرز حضرات بھی موجود رہیں گے ۔یہ کیمپ 2بجے سے لے کر پروگرام کے اختتام تک قائم رہے گا ۔