لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف مہم خوش آئند بات ہے مگر تجاوزات کے خلاف اس مہم کو حقیقی معنوں میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں شہر میں بڑھتے ہوئے تجاوزات اور مسائل پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ کی آبادی والے بڑے شہر میں قبضہ مافیا، حکومتی اہلکاروں اور سیاسی لوگوں کی سرپرستی میں جگہ جگہ تجاوزات قائم ہیں۔ ضلعی انتظامیہ ایمانداری اور خلوص کے ساتھ تجاوزات کے خلاف مہم کو منطقی انجام تک پہنچائے تو اس کے ثمرات یقیناًنچلی سطح پر نظر آئیں گے۔ شہر کے مختلف بڑے بازاروں انار کلی، اچھرہ، ڈیفنس، چونگی امرسدھو، سمن آباد، شاہ عالم اور دیگر علاقوں میں فٹ پاتھ اور آدھی آدھی سڑکیں تجاوزات کی نذر ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے وہاں پیدل سفر کرنے والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گزشتہ ادوار میں تجاوزات کے خلاف چلائی جانے والے مہمات اور آپریشن کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکے اوران کے اثرات چند ہفتے بھی باقی نہ رہ سکے۔ ذکر اللہ مجاہد نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خلاف مہم کو ہمیشہ کی طرح مک مکا تک محدود نہیں ہونا چاہیے اور ہر طرح کی سفارشات اور تعلقات سے بالا تر ہو کر اس مہم کو کامیاب بنایا جائے۔