ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو، 100روپے گھریلو سلنڈر اور 400روپے کمرشل سلنڈر میں اضافہ کر دیا

389

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو، 100روپے گھریلو سلنڈر اور 400روپے کمرشل سلنڈر میں اضافہ کر دیا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 67ڈالر فی میٹرک ٹن اضافہ ہونے کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں اضافہ ہوا۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں قیمت 67ڈالر فی ٹن اضافہ کے بعد قیمت 404 ڈالر سے بڑھ کر471 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔کراچی میں ایل پی جی کی قیمت90روپے فی کلو،1030روپے گھریلو سلنڈر۔لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، جہلم، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ، ڈسکہ، پشاور 95روپے فی کلو1090روپے گھریلو سلنڈر۔ رحیم یار خان، صادق آباد، حیدر آباد، ، اٹک ،گجرات، میرپور آزاد کشمیر110روپے فی کلو، 1270روپے گھریلو سلنڈر۔ راولپنڈی ، اسلام آباد، ایبٹ آباد،مظفر آباد، باغ، فاٹا،کوٹلی ،آزادکشمیر، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، میر پور خاص، عمر کوٹ، نواب شاہ، منباری، ٹھٹہ، دادو، جام شورو، شکار پور115روپے فی کلو1330روپے گھریلو سلنڈر۔گلگت بلتستان، مری،نتھیا گلی، بالاکوٹ ،120روپے کلو،1390روپے گھریلو سلنڈرہوگئی۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چےئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے سردیوں میں ایل پی جی کی قیمت کو مستحکم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا،ملکی تاریخ میں پہلی بارسال 2016میں ریکارڈ امپورٹ اور فروخت ہوئی،گیس مافیا امپورٹ پر بابندی لگوانے میں ناکام رہا، 2016ء میں 553216 میٹرک ٹن اورماہ دسمبر 2016ء میں 80369میٹرک ٹن سے زائد درآمدہوئی جبکہ ٹوٹل سیل 1200597میٹرک ٹن رہی ۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور وزیر پٹرولیم سے ایل پی جی امپورٹ پر واضح پالیسی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔عرفان کھوکھر نے کہا کہ ایل پی جی انڈسٹری میں امپورٹ اور سیل کے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، سردیوں میں بلیک مارکیٹنگ کرنے والے گیس مافیا کا خاتمہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ 2016ء میں پٹرول اور ڈیزل کے مقابلے میں ایل پی جی 40 سے 50 فیصد سستی اور 275 روپے فی کلو فروخت ہونے والی گیس80 اور100 روپے کے درمیان عام صارفین کو دستیاب رہی اور ایل پی جی کی امپورٹ سے حاصل ہونے والے ٹیکس کی مد میں حکومت کی آمدن میں تقریباً21 ارب روپے کا اضافہ ہوا جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔انہوں نے امپورٹرز کو ایل پی جی چیمبر آف پاکستان کی طرف سے یادگار ایوارڈ دینے کا اعلان کیا۔