ایس ایس پی عرفان علی بلوچ کی سربراہی میں ایس پی ہیڈ کوارٹر سرفراز ورک اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ اور حیدر آباد پولیس کا ٹارگٹڈ آپریشن، پیٹرولنگ و اسنیپ چیکنگ جاری

361

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی عرفان علی بلوچ کی سربراہی میں ایس پی ہیڈ کوارٹر سرفراز ورک اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ اور حیدر آباد پولیس کا ٹارگٹڈ آپریشن، پیٹرولنگ و اسنیپ چیکنگ جاری۔ ایس پی ہیڈ کوارٹر سرفراز ورک نے مخفی اطلاع پر ہٹڑی تھانے کی حد بھینس کالو نی میں بیھجل نامی شخص کے خفیہ جوئے کے اڈے پر چھاپا مار کر اڈے کے مالک بیھجل سمیت 13 جواریوں راجو، رئیسا، نارو، چیتن، اشوک، رانا، راموں، کانجی، پپّو، رامن، عمران اور دیگر کو دس ہزار سے زائد رقم، تاش کے پتے اور 8 عدد موبائل فون سمیت گرفتار کرلیا۔ رات گئے تھانہ حالی روڈ پولیس کو دوران پیٹرولنگ مخفی اطلاع ملی کہ گولیمار چیک پوسٹ آٹو بھان روڈ کے قریب 5 ڈاکو واردات کی نیت سے گھات لگائے کھڑے ہیں، ایس ایچ او حالی روڈ بر کت علی مع اسٹاف موقع پر پہنچے، جہاں ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا۔ وائر لیس میسیج پر اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ اور ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن بھی اپنی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، ایس ایچ او حالی روڈ نے ایک ڈاکو شاہ زیب حاجانو ولد محمد رحیم عرف بابو حاجانو کو زخمی حالت میں اس کے دو ساتھیوں رانو ولد لکھا ڈنو لغاری اور شاہجہان ولد عبدالرشید سکنہ ٹنڈو الہٰیار سمیت گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ مع میگزین و راؤنڈ، 3 عدد مسروقہ موٹر سائیکلیں اور 2 عدد چھننے گئے موبائل فون برآمد ہوئے، ایک اور کارروائی میں تھانہ حالی روڈ کے ایس ایچ او نے ریلوے ورکشاپ کے قریب چھاپا مار کرملزم امجد عرف قیوم ڈیتھو ولد ایوب ڈیتھو سکنہ تالاب نمبر 3 کو 30 بور پستول مع راؤنڈ گرفتار کرلیا۔