کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی میں نالے میں ڈوب کر کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود اورنگی 12 نمبر مچھلی مارکیٹ کے قریب نالے میں گر کر 5سالہ نعمان ولد دانیال جاں بحق ہوگیا۔ بچے کی تلاش میں تاخیر کرنے پر علاقہ مکینوں نے شہری انتظامیہ کے خلاف سخت احتجاج کیا ،واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے ریسکیو ادارے کے رضا کاروں کی مدد سے بچے کی لاش نکال کر اسپتال منتقل کی، پولیس کے مطابق متوفی اورنگی 12 نمبر کا ہی رہائشی تھا اور کھیل کے دوران نالے میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاکے حوالے کردی ہے ،علاقہ مکینوں نے بچے کے نالے میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے کے بعد سڑ ک کو بلاک کرکے بلدیاتی اداروں کی بے حسی پر شدید احتجاج کیا ،احتجاج کے باعث اورنگی ٹاؤن میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔ علاقہ مکینوں کا موقف ہے کہ شہری انتظامیہ کو بچے کے گرنے کی بروقت اطلاع دے دی گئی تھی، اگر ان کی جانب سے بر وقت کارروائی کی جاتی تو بچے کی جان بچائی جاسکتی تھی ۔
مکینوں کا احتجاج