سفارت کاروں کی ملک بدری،روسی صدر کا جوابی کارروائی سے گریز

642

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جوابی کارروائی سے گریز کرتے ہوئے امریکی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے سے انکار کردیاہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پیوٹن نے کہا کہ روس امریکی سفارتکاروں کیلیے مشکلات پیدا نہیں کرے گا۔ ہم کسی کو بے دخل نہیں کریں گے۔ انھوں نے امریکی سفارتکاروں کے بچوں کو کریملن میں ویک اینڈ پر ہونے والی ایک تقریب میں بھی مدعو کیا۔

قبل ازیں روسی وزیر خارجہ سرگے لاوروف نے کہا تھا کہ انھوں نے صدر پیوٹن کو تجویز بھیج دی ہے کہ روس جوابی کارروائی کرتے ہوئے 35امریکی سفارتکاروں کو ملک بدر کر دے۔

یاد رہے گزشتہ روز امریکا نے صدارتی انتخاب میں مداخلت کے الزام میں35روسی سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے اور پابندیاں لگانے کا اعلان کیا تھا۔ یہ اقدام متعدد امریکی سینیٹرز کی جانب سے روس پر پابندیوں کے مطالبے کے بعد سامنے آیا جن کا خیال ہے کہ یہ امریکہ میں سیاسی پرل ہاربر ہے۔ روس نے ایسی کسی بھی کارروائی میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے امریکی فیصلے کو غیرمحتاط قرار دیا تھا۔