753

نواز حکومت نے عوام کو سوائے مہنگائی اور بحرانوں کے کچھ نہیں دیا
ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے رہنما ڈاکٹر ریاض رند اور کریم بخش لاشاری نے ٹھٹھہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مکلی پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ نواز حکومت نے عوام کو مہنگائی، کرپشن،بحرانوں کے سوا کچھ نہیں دیا، بجلی کی لوڈشیڈنگ سے سندھ میں عوام کا جینا حرام ہوگیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چےئرمین بلاول زرداری، آصف زرداری کی قیادت میں گو نواز گو تحریک کی بھرپور تیاری مکمل کرلی گئی ہے اور اپنے قائد کے حکم کا انتظار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاق کی جانب سے سندھ کو این ایف سی ایوارڈ سمیت فنڈز فراہم نہ کرنے کے باوجود وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ کی خوشحالی، ترقی، صحت، تعلیم اور روزگار سمیت دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے۔ تھرکول، کیٹی بندر منصوبہ سی پیک میں شامل ہونے سے سندھ اور ملک میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ اس موقع پر مکلی پریس کلب کے صحافیوں تازہ گل درانی، احمد خان خشک، شبیر بھٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔