واٹر سپلائی کی مین لائن ٹوٹنے کے باعث شہر میں پانی کا بحران پیدا اہوگیا اور شہری بوند بوند کو ترس گئے

401

جھڈو (نمائندہ جسارت) واٹر سپلائی کی مین لائن ٹوٹنے کے باعث شہر میں پانی کا بحران پیدا اہوگیا اور شہری بوند بوند کو ترس گئے۔ شہر کو پانی فراہم کرنے والی واٹر سپلائی کی مین لائن پھٹ جانے کے باعث گزشتہ تین روز سے شہر میں پانی کی فراہمی معطل ہے، جس سے شہر بھر میں پانی کا سنگین بحران پیدا ہوگیا ہے اور شہری بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ بچے، بوڑھے اور خواتین ہاتھوں میں برتن اٹھائے پانی کے حصول کے لیے سرگرداں نظر آتے ہیں۔ بعض مساجد میں وضو کرنے کے لیے بھی پانی دستیاب نہیں ہے۔ پانی کی قلت کے باعث تعمیراتی کام اور گھریلو امور بری طرح متاثر ہیں۔ پانی کی قلت پر شہری حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹاؤن کمیٹی کی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث تین روز سے پانی کی مین پائپ لائن کی مرمت کا کام مکمل نہیں کیا جاسکا ہے جسے جلد از جلد درست کرکے پانی کی فراہمی بحال کی جائے۔