نیشنل بینک نے ڈیڑھ ارب روپے مالیت کے فراڈ کی گمراہ کن رپورٹ مسترد کر دی

341

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیشنل بینک آف پاکستان کے ترجمان نے میڈیا میں شائع ہونے والی ان رپورٹوں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے یکسرمسترد کردیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بینک نے ڈیڑھ ارب روپے مالیت کا فراڈ کیا ہے۔بعض رپورٹوں میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ نیشنل بینک آف پاکستان نے اپنے معزز کلائنٹ Abandoned Properties Organisazation (APO) کونقصان پہنچایا ہے ۔ ہم دوبارہ قطعی طوران الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ نیشنل بینک آف پاکستان نے APOکے اکاؤنٹ میں ہونے والی سرگرمیوں کے حوالے سے صرف کلائنٹ کی ہدایات پر عمل کیا تھا۔سن 2014۔2016 کے دوران متعدد بینکاری ٹرانزیکشنز کے لیے APOکے مجاز دستخط کنندگان کی جانب سے قابل اعتبارہدایات موصول ہوئی تھیں۔
کلائنٹ نے اپنی ہدایات میں نیشنل بینک آف پاکستان سے درخواست کی تھی کہ وہ حبیب بینک لمٹیڈ کو فنڈزکی ادائیگی کرے تاکہ انہیںآگے APO کے اکاؤنٹ میں کریڈٹ کیا جائے۔مناسب سطح کی مطلوبہ احتیاط (due diligence) سے کام لیتے ہوئے نیشنل بینک آف پاکستان نے کلائنٹ کی ہدایات کے مطابق RTGSسسٹم کے ذریعہ فنڈزجاری کر دیے۔ RTGS الیکٹرونک پیمنٹ کا ایک محفوظ نظام ہے جسے ملک بھر میں استعمال کیا جاتا ہے۔