نومنتخب صدر ایف پی سی سی آئی زبیر طفیل

355

کراچی(اسٹاف رپورٹر)زبیر طفیل وفاق ایوان ہائے صنعت وتجارت پاکستان کے صدر منتخب ہوگئے ۔جمعہ کی صبح یونائیٹڈ بزنس گروپ اور بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کے مشترکہ الائنس کے درمیان فیڈریشن ہاؤس کراچی میں انتخاب کا انعقاد کیا گیا جس میں فیڈریشن کے منتخب صدر زبیر طفیل نے مخالف صدارتی امیدوار عبدالرحیم جانو کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی زبیر طفیل نے199جبکہ رحیم جانو نے113ووٹ حاصل کیے سینئر نائب صدرکے لیے یوبی جی کے عامر عطاء باجوہ اوربزنس مین پینل کے انجم نثار کے درمیان مقابلہ تھا اس میں بھی یوبی جی کے عامر عطاء باجوہ نے میدان مارلیا عامر عطا ء باجوہ نے 175اور انجم نثار نے 142ووٹ حاصل کیے نائب صدر کی چار نشستوں پر یو بی جی کے تین امیدوار عرفان احمد سروانہ ، اشتیاق بیگ اور حاجی دھنی بخش اور ایک نشست پر بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کے امیدوار ثاقب مگوں نے کامیابی حاصل کی ۔قبل ازیں جمعہ کی صبح فیڈریشن ہاؤس میں دونوں گروپوں نے اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں بھرپور سرگرمیاں جاری رکھیں۔کراچی سے لے کر خیبر تک‘ بلوچستان اورگلگت سے بھی 332ووٹرز نے کراچی میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوئی اور نماز کے وقفے کے ساتھ شام 6بجے تک جاری رہی۔ ملک کے بڑے بڑے تاجر وصنعت کار جس میں طارق سعید،افتخار احمد ملک،ایس ایم منیر،یحییٰ پولانی،عقیل کریم ڈھیڈی ،سابق صدر عبدالرؤف عالم اور درجنوں تاجروں وصنعتکاروں و رہنماؤں نے فیڈریشن ہاؤس میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔اطلاعات کے مطابق یونائیٹڈ بزنس گروپ کے مخالف گروپ نے برسراقتدار گروپ پر الزام عائد کیا کہ اس نے انتخابات سے قبل بھی اور پولنگ کے دوران بھی دھاندلی جاری رکھی انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فیڈریشن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز پاکستان کے انتخاب کو حکومتی اثرورسوخ سے الگ رکھا جائے۔افتخار علی ملک اور ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ مخالفین کے الزامات من گھڑت بے بنیاد اور شکستہ ذہنیت کی عکاسی کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ اپنی دو سالہ کارکردگی کی بنیاد پر اللہ کے شکر سے کامیاب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالف گروپ میں لیڈر بننے کا دعویٰ کرنے والے کرپشن اور بدعنوانی میں یونائیٹڈ بزنس گروپ سے بہت آگے ہیں انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ بات ثابت ہوتی جارہی ہے کہ کرپشن اور فیڈریشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ نومنتخب صدر زبیر طفیل نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی اللہ کی مدد اور تاجروں وصنعتکاروں کے تعاون سے حاصل ہوئی الیکشن سے پہلے جن لوگوں سے تلخی تھی وہ سب ختم ہوگئی ہے۔
اور اب میں پورے ملک کے تاجروں وصنعتکاروں کا صدر ہوں۔اس لیے فیڈریشن کے دروازے ہر ایک کے لیے کھلے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت نازک موڑ سے گزررہی ہیں سی پیک جیسے منصوبے پاکستان کی معیشت کے لیے اہم ہیں لیکن حکومت کو چاہیے کہ وہ اتنے بڑے معاہدے کے دوران فیڈریشن کو نظر انداز نہ کرے فیڈریشن کے تاجر وصنعتکار ملک کی ترقی واستحکام میں اپنا مثبت کردار ماضی میں بھی ادا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی ادا کرتے رہیں گے۔