ملک میں نفاذ شریعت کے ذریعے امن قائم کیا جاسکتا ہے

321

سکھر(نمائندہ جسارت )جماعت اسلامی ضلع سکھر کے امیر مولانا حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ ملک میں نفاذ شریعت کے ذریعے امن اور سکون قائم کیا جاسکتا ہے، سیکولر نظام کو پاکستانی قوم کبھی قبول نہیں کریگی ۔وہ آج مدرسہ تفہیم القرآن میں اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کے لیے قائم کیا گیا تھا ، لیکن آج حکمرانوں نے قرآن وسنت سے رو گردانی اختیار کر کے 18 کروڑ پاکستانیوں کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔ کرپشن، لوٹ مار، مہنگائی، بے روزگاری نے عوام کو دھکے کھانے پر مجبور کردیا ہے۔تعلیم ، صحت ،واپڈا و دیگر اداروں کوکرپشن نے دیمک کی طرح چاٹ کر رکھ دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں فحاشی و عریانی اورناچ گانے کے ذریعے نوجوان نسل کا اخلاق وکردار تباہ کیا جارہا ہے۔اس لیے ملک میں غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہوگیا ہے، مسلمانوں نے جب تک اپنا تعلق قرآن و سنت سے جوڑ کر رکھا تب تک وہ دنیا کے حکمراں رہے اور دنیا ان کے قدموں میں رہی،قوم لادین ، سیکولر اور مغرب کے ایجنٹ حکمرانوں کے خلاف میدان عمل میں آئے، کوئی مائی کا لعل اس ملک میں مغربی ایجنڈا نافذ نہیں کر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں قتل و غارت ، قبائلی جھگڑے، گروہی و لسانی اختلافات کے ذریعے مسلمانوں کو کمزور کیا جارہا ہے لیکن دین دشمن کبھی بھی پاکستان کو سیکولر ، لادین اسٹیٹ نہیں بنا سکیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اپنی رہنمائی ہندوؤں سے لینے کے بجائے اپنے نانا محمد ﷺ سے رہنمائی لیں ۔ پاکستان اسلام کا مرکز ہے اور رہے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ غیر مشروط طور پر فوراْ سندھ اسمبلی کا پاس کیا ہوا منیارٹی بل واپس لے۔