شکار پور، قومی عوامی تحریک کی ریلی، دھرنا اور احتجاجی کیمپ

434

شکار پور (نمائندہ جسارت) قومی عوامی تحریک کی جانب سے شہر کے اہم مسائل کے حل کے لیے احتجاجی ریلی، دھرنا اور احتجاجی کیمپ۔ گزشتہ روز قومی عوامی تحریک شکارپور کی جانب سے شہر کے اہم مسائل سرکیولر روڈ معیاری کمپنی سے مکمل کروانے، صفائی کا نظام بہتر کرنا، غیر قانونی قبضہ ختم کرنا، شہر کے 52 ٹیوب ویل جلد شروع کروانے کے سلسلے میں قومی عوامی تحریک کے دفتر سے لکھیدر چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور دھرنا دیاگیا، 2 گھنٹے تک احتجاجی کیمپ منعقد کیا گیا جس میں مختلف سیاسی، سماجی تنظیمو ں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ قومی عوای تحریک کے ضلعی صدر ظفر چنا، زاہد بھنبرو، ڈاکٹر بشیر بروہی، مولانا عبدالفتاح مہر، حاجی شوکت بلوچ، شہاب اوستو، صفدر امیر پہوڑ اور مولانا صدرالدین مہر ودیگر نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہر کے اہم مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کی ہے، مین سرکیولر روڈ کی حالت کھنڈر جیسی ہے، حادثات روز کا معمول ہیں، ڈرینج میگا پروجیکٹ 38 کروڑ کے تخمینے سے 2006-07ء میں شروع کیا گیا تھا، 10 سال گزر گئے جو التوا کا شکار ہے جس کی وجہ سے ڈرینج سسٹم تباہی کے کنارے پر ہے۔ راستوں اور گلیوں میں غیر قانونی قبضے کیے گئے ہیں۔ تاریخی کٹی بازار پر بھی غیر قانونی قبضہ کرکے آنے جانے کا راستہ بند کردیا گیا ہے۔ شہر کا میٹھا پانی اسکارپ ٹیوب ویل بند ہونے سے کڑوا ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے مختلف امراض پھوٹ پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے بنیادی مسائل حل نہیں کیے گئے تو احتجاج کا دائر بڑھایا جائے گا جس کی ذمے داری ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔