اسٹاف رپورٹر) امت رسول مارچ طاغوتی قوتوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ اتحاد امت کے ذریعے ہی اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ شام اور برما میں
مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے وحشیانہ مظالم نے ظلم اور بربریت کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ کراچی کے عوام امت رسول مارچ میں بھرپور شرکت کرکے ثابت کردیں کہ کراچی امت مسلمہ کا دھڑکتا ہوا دل ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے امت رسول مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کورنگی ،لانڈھی ، قیوم آباد، سنگر چورنگی ودیگر علاقوں میں جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے تحت لگائے گئے استقبالیہ کیمپوں کے دورے کے موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری انجینئر عبد الوہاب، امیر ضلع بن قاسم عبد الجمیل خان، سیکرٹری مرزا فرحان بیگ، نائب امیر سید اقبال سعید، عاشق علی خان، امیر زون محمد قاسم خان ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امریکا اور روس مل کر مسلمانوں کا قتل عام کررہے ہیں، برما اور شام کے مسلمان ظلم اور بربریت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کل بڑی تعداد میں امت رسول مارچ میں شریک ہوکر اپنے ایمانی جذبے کا مظاہرہ کریں اور اسلام دشمن قوتوں کو پیغام دیں کہ امت مسلمہ جسد واحد کی حیثیت رکھتی ہے ۔