جنوبی افریقا نے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو شکست دے دی

284

پورٹ الزبتھ (جسارت نیوز) جنوبی افریقا نے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 206 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، مہمان ٹیم سری لنکا 488 رنز کے تعاقب میں 281 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اینجلو میتھیوز اور دنیش چندیمل نے نصف سنچریاں اسکور کیں، کیشوو مہاراج اور کگیسو ربادا نے 3‘3 وکٹیں حاصل کیں۔ا سٹیفن کک کو پہلی اننگز میں 59 اور دوسری میں 117 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پورٹ الزبتھ میں ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے 488 رنز کے تعاقب میں نامکمل اننگز 240 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان اینجلو میتھیوز 58 اور دھننجایا ڈی سلوا 9 رنز پر کھیل رہے تھے، اینجلو میتھیوز گزشتہ روز کے اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کر سکے اور کائل ایبٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ دھننجایا ڈی سلوا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 22 رنز بنانے کے بعد کائل ایبٹ کا شکار بن گئے، اس کے بعد سری لنکا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، رنگنا ہیراتھ 3، دشمانتھا چمیرا صفر اور نوان پردیپ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سرنگا لکمل 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح سری لنکا کی پوری ٹیم 281 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
کیشوو مہاراج اور کگیسو ربادا نے 3، 3 جبکہ کائل ایبٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔