ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا کرملک کا مقدربدل دینگے،نواز شریف

433

اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے موجودہ حکومت کی انتھک کاوشیں اور لگن کے نہایت مثبت نتائج برآمد
ہوئے ہیں، بجلی کے بڑے بڑے منصوبہ جات کے ساتھ ساتھ ملکی اور علاقائی مواصلاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جس سے ملک کا منظر نامہ اور مقدر یکسربدل جائے گا۔ جمعہ کو رکن قومی اسمبلی (این اے 162ساہیوال) چوہدری محمد طفیل سے ایوان وزیراعظم میں ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی ترقیاتی اورفلاحی اسکیموں کا مقصد عوام کی سماجی و اقتصادی بہبود اور پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اورخوشحال ملک بنانا ہے جہاں ہر شہری کو یکساں مواقع دستیاب ہوں۔ چوہدری محمد طفیل نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک کو کئی چیلنجز درپیش تھے لیکن قیادت نے ان چیلنجز سے مادر وطن سے کامیابی سے نکالا ہے اور مسائل پر قابو پایا ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جو موجودہ حکومت کی شاندارکارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پراعتماد ہیں کہ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ایک جدید، جمہوری اور ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل ہوگا۔