ان کا ملک ایرانی حجاج کرام سمیت دنیا بھرسے آنے والے عازمین حج کا خیرمقدم کرتا ہے,سعودی عرب کے وزیر برائے امور حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن

333

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کے وزیر برائے امور حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایرانی حجاج کرام سمیت دنیا بھرسے آنے والے عازمین حج کا خیرمقدم کرتا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ مملکت ایران سمیت کسی بھی ملک سے آنے والے حجاج کرام کے ساتھ ان کے رنگ، نسل اور مسلک کی بنیاد پر امتیاز نہیں برت رہی بلکہ تمام حجاج کرام کو یکساں احترام دینے کے ساتھ سب پر ایک ہی ضابطہ اخلاق لاگو کرنے کی خواہاں ہے ۔ عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے وزیر برائے امور حج وعمرہ نے ان خیالات کا اظہار ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب وزارت حج دنیا بھر کے 80ملکوں سے حج وعمرہ محکموں کے وفود کے ساتھ آئندہ حج کی تیاریوں پر بات چیت کررہی ہے ۔ تاکہ اللہ کے مہمانوں کو حجاز مقدس آمد پر زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جاسکیں۔ نیز مسلمان ملکوں اور غیرمسلم ممالک میں مسلمان اقلیت کو حج کے امور میں درپیش مشکلات کو حل کرنے میں ان کی مدد کی جاسکے ۔ وزیر طاہربنتن نے کہا کہ انہوں نے اسلامی ممالک اور غیرمسلم ملکوں میں مسلمان اقلیتوں کے نمائندگان سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔ وزیر حج نے بتایا کہ آئندہ موسم حج کے لیے انتظامات آج ہی سے شروع کردیے گئے ہیں۔ شیڈول کے مطابق محکمہ حج کے تمام ذیلی اداروں، ٹرانسپورٹ یونین، کمیونٹی کے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے درمیان کورآرڈی نیشن بڑھانے ، دوسرے ملکوں کے حج محکموں کے درمیان حجاج کی آمد ورفت کے حوالے سے ضابطہ اخلاق طے کرنے اور حجاج کرام کی سعودی عرب میں آمد کے بعد ان کی نقل وحرکت اور ان کے قیام کے مقامات کے تعین کے لیے بات چیت جاری ہے ۔ سعودی وزیر برائے حج وعمرہ کا کہنا ہے مملکت دنیا بھر سے آنے والے مسلمان عازمین حج کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی پابند ہے تاکہ حجاج کرام سہولت اور آسانی کے ساتھ حج اور عمرہ کے مناسک و فرائض کی انجام دہی کر سکیں۔ دوسری جانب سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب نے کبھی کسی کو فریضہ حج کا ویزہ جاری کرنے سے منع نہیں کیا جو شخص بھی حج کے لیے آنا چاہتا ہے سعودی عرب اسے ویزہ جاری کرتا ہے ، صرف شرپسند اور بدخواہ عناصر ہی کو روکا جاتا ہے ۔ انہیں روکنا ضروری ہے ۔ حکومت حج پر آنے والوں کو تمام مطلوبہ سہولتیں فراہم کرتی ہے ۔ 100برس سے سعودی حکومت کا شیوہ یہی رہا ہے ۔ حرم شریفین کی حفاظت حکومت پر فرض ہے لہٰذا اس فرض کے تحت وہ ایسے عناصر کو ارض مقدس آنے سے روکنے کی مجاز ہے جو حج موسم میں شر پھیلانے کے درپے ہوں۔ سعودی حکومت امن و امان، استحکام اور تمام خدمات فراہم کرنے کے سلسلے میں اپنے فرائض بہ حسن و خوبی انجام دے رہی ہے ۔جوشخص بھی حج یا عمرے پر پہلی مرتبہ آئے گا اس کی ویزا فیس خود سعودی حکومت ادا کرے گی۔
حج / ضابطہ اخلاق