اسلام آباد میں 2 نئے اسپتال قائم کیے جائیں گے, اسلام آباد کے میئر اور سی ڈی اے کے چیئر مین انصر عزیز

312

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت‘ خبر نگار) اسلام آباد کے میئر اور سی ڈی اے کے چیئر مین انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 2 نئے اسپتال قائم کیے جائیں گے، دونوں ہسپتال مجموعی طور پر 500بیڈز پر مشتمل ہوں گے، پولی کلینک کا توسیعی منصوبہ اور ترلائی کے مقام پر سعودی فنڈنگ سے زیر تعمیر اسلام آباد جنرل اسپتال بھی منصوبے میں شامل ہے۔ اسلام آباد میں ایک اسپتال شمال جبکہ دوسرا جنوب میں بنایا جائے گا تاہم ابھی تک زمین کی نشاندہی نہیں ہو سکی ۔انہوں نے جمعہ کو جسارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اس کی منظوری دے دی ہے اور اس سلسلے میں ہماری کوشش کامیاب ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پاکستان ہیلتھ انفرا اسٹرکچر پروگرام کے تحت ملک بھر میں44 اسپتالوں کے قیام سے متعلق امور کو حتمی شکل دینے کیلیے ہیلتھ انفرا اسٹرکچر کمیٹی قائم کردی کمیٹی میں سیکرٹری صحت، سیکرٹری کابینہ اور وزیراعظم آفس کے اعلیٰ افسران شامل ہیں۔ انہوں کہا ہے کہ کمیٹی نے ملک بھر میں غربت کی شرح اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مخصوص اضلاع میں اسپتالوں کے قیام کیلیے چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز سمیت آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ کو اسپتالوں کے قیام کیلیے زمین کی نشاندہی کر کے جگہ مختص کرنے کیلیے باضابطہ مراسلے جاری کر دیے ہیں۔چیف سیکرٹریز کی جانب سے تجاویز وصولی کے بعد مذکورہ کمیٹی باضابطہ طور پر تعمیراتی کام کیلیے ٹینڈرز جاری کرے گی، پروگرام کے تحت اسلام آباد میں 2 نئے اسپتال قائم کیے جائیں گے۔ دونوں ہسپتال مجموعی طور پر 500بیڈز پر مشتمل ہوں گے، پولی کلینک کا توسیعی منصوبہ اور ترلائی کے مقام پر سعودی فنڈنگ سے زیر تعمیر اسلام آباد جنرل اسپتال بھی منصوبے میں شامل ہے، اسلام آباد میں ایک اسپتال شمال جبکہ دوسرا جنوب میں بنایا جائے گا تاہم ابھی تک زمین کی نشاندہی نہیں ہو سکی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جس کمیٹی نے اسلام آباد میں نئے ہسپتالوں کے قیام کی منظوری دی ہے اسی کمیٹی نے پنجاب کے علاوہ سندھ‘ بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں بھی ہسپتالوں کی تعمیر کی منظوری دی ہے جن میں پنجاب سے راجن پور، جھنگ، صادق آباد اور راولپنڈی میں 500 بیڈز، بورے والا، احمد پور شرقیہ، کوٹ ادو، تونسہ، ساہیوال، سرگودھا، پسرور اور لیہ میں 250 بیڈز، سندھ میں جیکب آباد، میرپور اور بدین میں 500 بیڈز، اسلام کوٹ، نوشہرو فیروز مورو میں 250 بیڈز، پختونخوا میں ہری پور اور چارسدہ میں 500 بیڈز، بٹگرام، ہنگو اور چترال میں 250 بیڈز، بلوچستان میں کوئٹہ کے مقام پر 500 بیڈز، خضدار، لورالائی اور سبی میں 250 بیڈز، حب، نوشکی، چمن اور پنجگور میں 100 بیڈز، گلگت بلتستان میں اسکردو اور گلگت میں 250 بیڈز، ہنزہ میں 100 بیڈز، گانچھے میں 50 بیڈز ، آزاد کشمیر میں مظفر آباد میں 250 بیڈز، راولا کوٹ، کوٹلی اور اٹھمقام پر 100 بیڈز اور لیپہ میں 50 بیڈز کے اسپتال بنائے جائیں گے۔