آسٹریلوی بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 18 رنز سے شکست دیکر 3میچوں کی سیریز 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی

300

میلبورن (جسارت نیوز) آسٹریلوی بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 18 رنز سے شکست دیکر 3میچوں کی سیریز 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ۔ آسٹریلوی ٹیم کے قائد اسٹیون اسمتھ کو ناقابل شکست 165 رنز کی اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،ا سٹیون اسمتھ کے ناقابل شکست 165 رنز کی اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 181 رنز کی برتری کے ساتھ 624 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی، آسٹریلیا کی طرف سے پہلی اننگز میں کپتان اسٹیون اسمتھ ناقابل شکست 165، ڈیوڈ وارنر 144، عثمان خواجہ 97 اور مچل اسٹارک 84 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 163 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، آسٹریلوی بولرز کی عمدہ بولنگ کے باعث پاکستان کے 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے۔ اظہر علی اور سرفراز احمد نے بالترتیب43، 43 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچل اسٹارک نے 4، نیتھن لیون نے 3، جوش ہیزل ووڈ نے 2 جبکہ جیکسن برڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ کے 5ویں اور آخری روز آسٹریلوی ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 465 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسٹیون اسمتھ 100 اور مچل اسٹارک 7 رنز پر کھیل رہے تھے، مچل اسٹارک آسٹریلیا کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 84 رنز بناکر سہیل خان کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، نیتھن لیون آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 12 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، کپتان اسٹیون اسمتھ 165 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ، اس موقع پر آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے پہلی اننگز 624 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ پاکستان کی طرف سے سہیل خان اور یاسر شاہ نے3 ،3 جبکہ وہاب ریاض نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی طرف سے دوسری اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا جو بہت مایوس کن تھا، پاکستان ٹیم کے پہلے 4 کھلاڑی 63 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ سمیع اسلم 2 رنز بناکر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، بابر اعظم پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 3 رنز بناکر مچل اسٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، یونس خان پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 24 رنز بناکر نیتھن لیون کی گیند پر ہینڈز کومب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، کپتان مصباح الحق بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور بغیر کوئی رن بنائے نیتھن لیون کی گیند پر مادینسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، اسد شفیق بھی کوئی عمدہ کھیل نہ پیش کرسکے اور 16 رنز بناکر نیتھین لیون کی گیند پر ہینڈز کومب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے وہ پاکستان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے، پہلی اننگز میں ناقابل شکست ڈبل سنچری اسکور کرنے والے اظہر علی بھی 43 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ محمد عامر پاکستان کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 11 رنز بناکر جیکسن برڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، اس موقع پر سرفراز بھی 43 رنز بناکر مچل اسٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، وہاب ریاض پاکستان کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے مچل اسٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، یاسر شاہ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے مچل اسٹارک کی گیند پر برڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، سہیل خان 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، اور یوں آسٹریلیا نے میچ میں پاکستان کو اننگز اور 18 رنز سے شکست دیکر 3 میں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ آسٹریلیا کی طرف سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچل اسٹارک نے 4، نیتھن لیون نے 3، جوش ہیزل ووڈ نے 2 جبکہ جیکسن برڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کو اننگز میں شاندار اور ناقابل شکست 165 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔