نوابشاہ (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع نوابشاہ پولیٹیکل بیورو کے صدر حاجی اسلم شیخ نے آ ئی جی سندھ کو عہدے پر برقرار رکھنے کے عدالتی حکم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ حق اور انصاف کے ساتھ میرٹ کی بالادستی کی بات کی ہے۔ آ ئی جی سندھ اے ڈی خواجہ ایماندار افسر ہیں، ان کے برقرار رہنے کی وجہ سے سندھ پولیس کے نظام میں بہترئی آنا شروع ہوگئی تھی لیکن سندھ کے مفادات پرست عناصر شروع دن سے ہی ان کو ایک آنکھ نہ بھائے۔ پولیس نے اچھا کام کرنا شروع کردیا تھا جو سندھ کے حکمرانوں پر گراں گزر رہا تھا۔ بلاول زرداری ان تمام چیزوں سے نالاں ہیں، جو ان کی پاڑی مفادات کے عوض کررہی ہے، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے پنجاب میں اپنا مقام کھو دیا ہے۔ سندھ کے حکمران لا اینڈ آرڈر کی صورت حال کو کنڑول کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔ بیڈ گورننس، عوامی ریلیف کا نہ ہونا، نام نہاد الیکشن اور اس کے بعد اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک تقسیم نہ ہونا سندھ حکومت کے اہم کارنامے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ ایماندار افسر ہیں، انہوں نے حال ہی میں 2500 سے زائد افراد کو میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا۔ کراچی میں کلفٹن سے بڑی تعداد میں اسلحہ پکڑا اور بدین میں گنے کے کاشتکاروں کو ہراساں کرنے کا نوٹس لیا۔ ایسے اقدامات کی وجہ سے سندھ میں قیام امن میں بہتری آئی تھی۔