پریذیڈنٹ آف پاکستان گولڈ کپ اسکواش چیمپئن شپ کاافتتاح

315

اسلام آباد(جسارت نیوز) پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیراہتمام پریذیڈنٹ آف پاکستان گولڈ کپ انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ اس میں مصر، آسٹریا، ہانگ کانگ، جمیکا اور ملائیشیا کے 9 کھلاڑی حصہ لیں گے۔ ہانگ کانگ کے کھلاڑی لیو آو 25 ہزار ڈالر کی انعامی رقم کے حامل ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ ہوں گے۔ گزشتہ روز پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے شہر یار خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پریذیڈنٹ آف پاکستان گولڈ کپ انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا آغازپچھلے سال 15 سال کے بعد ہوا تھا جس کا باقاعدگی سے سلسلہ جاری ہے جبکہ ہم نے اگلے سال کیلئے پی ایس اے کو 11 ٹورنامنٹ کی میزبانی کیلئے خط لکھا ہے جس میں ایک ٹورنامنٹ 50ہزار ڈالر،دو25,25ہزار ڈالر،دو 15,15 ہزار ڈالر، دو10,10ہزار ڈالر جبکہ دو5,5ہزار ڈالر انعامی رقم کے ٹورنامنٹس ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے سال 2 ٹورنامنٹ کراچی 2 لاہور جبکہ باقی کے اسلام آباد میں منعقد ہونگے ،اس بار بھی سرینا ہوٹل ہمارا مین اسپانسر ہے۔عامر نواز نے بتایا کہ فرحان محبوب اور فرحان زمان کے نام ایوارڈ کیلئے بھجوائیے جائیں گے جبکہ اب رضی نواب بھی ایوارڈ کے حقدار ہونگے نیز ناصر اقبال کے بارے میں جلد خوشخبری ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چیمپین شپ کا کوالیفائنگ راونڈ یکم اور 2 جنوری کو جبکہ مین راؤنڈ 3 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کوارٹر فائنلز 4 جنوری، سیمی فائنل 5 جنوری کو جبکہ فائنل میچ 6 جنوری کو کھیلا جائے گا جس میں صدر مملکت ممنون حسین مہمان خصوصی ہوں گے۔