کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی کراچی کے تحت شام اور برما میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف جمعہ کے روزیوم احتجاج منایا گیا جبکہ عوام کو مظلوم و نہتے
مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شاہراہ قائدین پر ہونے والے ’’امت رسول ؐ مارچ ‘‘میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی ۔اس سلسلے میں شہر بھر کے 150سے زائد مقامات پر بعد نماز جمعہ مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور پبلک مقامات پر کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا گیا ۔جن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،مظاہروں سے جماعت اسلامی ضلع شر قی کے امیر یونس بارائی ،ضلع بن قاسم کے امیر عبد الجمیل ،ضلع جنوبی کے امیر عبد الرشید ،ضلع وسطی کے سیکرٹری محمد یوسف ،ضلع غربی کے نائب امیر خالد زمان سمیت مقامی رہنماؤں اور ذمے داران نے خطاب کیا اور مظلوم مسلمانوں سے بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اقوام متحدہ ،عالمی اداروں اور مغرب کے دہرے معیار اور مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کی گئی ،مقررین نے عوام کو یکم جنوری کو امت رسول ؐ مارچ میں شرکت کی دعوت دی ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہو ئے تھے ۔تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی میں 30مقامات پر مظاہرے اور کارنر میٹنگز کی گئیں ۔ضلع بن قاسم کے تحت 32سے زائد مقامات پر ضلع غربی میں40مقامات پر ضلع شر قی میں 35اور ضلع جنوبی میں 25مقامات پر مظاہرے اور کارنر میٹنگز کی گئیں ۔ان مقامات میں قصبہ کالونی ،علی گڑھ ،اورنگی ٹاؤن ،سلمان فارسی مسجد ،گلشن بہار ،خالد آباد ،ہر یانہ ،اورنگی ٹاؤن 10نمبر ، سائٹ ،میٹروول ،سعید آباد ،نئی آبادی ،کیماڑی ،موسیٰ لین ،اختر کالونی ،صدر ،لیاری ،گذری ،ڈیفنس سلطان مسجد ،شاہ فیصل کالونی ،ملیر ،گلشن اقبال ،جمشید ٹاؤن ،سوسائٹی ،گڈاپ ،گلستانِ جوہر ،نارتھ ناظم آباد ،نارتھ کراچی ،ناظم آباد ،لیاقت آباد ،فیڈرل بی ایریا ،گلشن معمار ،لانڈھی ،کورنگی ،ناصر کالونی ، داؤد چورنگی ،قائد آباد سمیت دیگر مقامات شامل ہیں ۔مظاہروں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہا کہ ساڑھے 4 ہزار سال سے آباد 44لاکھ مسلمانوں کی آبادی کے حلب اور بے یارو مدد گار روہنگیا برما میں ظلم و ستم اب تک کے ہو نے والے تمام مظالم سے زیادہ بھیانک ووحشت ناک ہے ۔انسانی تاریخ میں اتنے وحشیانہ مظالم کی کوئی نظیر نہیں ملتی ۔حلب میں امریکا اور روس کی نورا کشتی سے بشار الاسد کی آمریت کی سر پرستی میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ مسلمانوں کو قتل ،35لاکھ سے زائد مسلمانوں کو بے گھر و نقل مکانی پر مجبور کر دیا ہے ۔یہ سارا عمل امریکا کی تشکیل کردہ ’’ دہشت گردی ‘‘ کی آڑ لے کر کیا جارہا ہے ۔اقوامِ متحدہ اوراو آئی سی اس ہولناک خونی ’’گریٹ گیم ‘‘ کا تماشا دیکھ رہے ہیں اور مسلم حکمران سامراجی و طاعوتی طاقتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں ۔دوسری طرف روہنگیا برما کے مسلمانوں پر میانمار فوجیں ،خواتین و بچوں سمیت مظلوم برمی مسلمانوں کا قتل عام ،ریپ ،ٹارچر اور زندہ جسم سے کھالوں کو اُدھیڑ تے ہوئے بھیانک نسل کشی اور برما چھوڑنے پر مجبور کر رہے ہیں ۔