ترقی و خوشحالی کے لیے تعمیراتی صنعت کو سہولتیں فراہم کی جائیں،رؤف عالم

332

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٖفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رؤف عالم نے تعمیراتی صنعت کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے ملک کی معاشی ترقی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے تعمیراتی صنعت کو سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وہ آباد کی جانب سے تاجر برادری کے لیے اعلیٰ خدمات پر اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں چیئرمین آباد محسن شیخانی،سینئر وائس چیئرمین محمد حسن بخشی،چیئرمین سدرن ریجن محمد ایوب،سابق چیئرمین محمد حنیف گوہر،سابق سینئر وائس چیئرمین عارف یوسف جیوا،اسلام آباد کے تاجر رہنما خالد چوہدری،منور اقبال،مس سعدیہ،مس ناصرہ اور آباد ممبران کی بڑی تعداد شریک تھی۔ رؤف عالم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس کی تکمیل آباد بالخصوص عارف جیوا کے بھرپور تعاون کے باعث ممکن ہوئی ہے جس کے لیے تاجر برادری ان کی شکر گزار ہے۔ رؤف عالم نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ملک بھر کی تاجر برادر ی اور معیشت کو چلانے میں حکومت پاکستان کی بھرپور معاونت کررہی ہے، ملک کی معاشی ترقی اور تاجر و صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے یہ ضروری ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے صدر کو پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم کا اسٹیٹس دیا جائے۔ انھوں نے ایف پی سی سی آئی پر بلا جواز تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ آرگنائزیشن کی بہتری کے لیے ٹانگیں کھینچنے کے بجائے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔چیئرمین آباد محسن شیخانی نے تاجر برادری بالخصوص آباد ممبران کے مسائل حل کرنے میں غیر معمولی کردار ادا کرنے پر رؤف عالم کو خراج تحسین پیش کیا، رؤف عالم نے اپنے آپ کو پاکستان کی خوشحالی اور تاجر برادری کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کررکھا ہے،ان کی آباد کے لیے گراں قدر خدمات ہیں ،ہمیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ رؤف عالم ایف پی سی سی آئی کے نہیں آباد کے صدر ہیں۔چیئرمین آباد نے خیال ظاہر کیا کہ شاید ایف پی سی سی آئی کو رؤف عالم کا متبادل نہ مل سکے۔ قبل ازیں آباد کے سینئر وائس چیئرمین محمد حسن بخشی نے اپنے خطاب میں ایف پی سی سی آئی میں رؤف عالم کے دور کو تاجر وں کے لیے سنہری دور قرار دیا ۔ حسن بخشی نے آباد کے پرتگال جانے والے وفد کی قیادت کرنے کے لیے رؤف عالم سے درخواست کی جسے صدرایف پی سی سی آئی نے بلا تامل قبول کرلیا۔آباد کے سابق چیئرمین حنیف گوہر نے اس افسوس کا اظہار کیا کہ وہ اپنے دور میں رؤف عالم کے اعزاز میں تقریب منعقد نہ کر سکے کیوں کہ اس وقت رؤف عالم انتہائی مصروف رہے تھے۔