ایران اور روس طالبان سے رابطے ختم کریں‘ افغانستان

274

لندن( آن لائن )افغانستان نے ایران اور روس سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کابل سے تعاون اور شدت پسند گروپ طالبان کے ساتھ رابطے ختم
کریں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق افغان وزارت خارجہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا جب میڈیامیں یہ خبریں آ رہی ہیں کہ روس اور ایران افغان طالبان کی پشت پناہی کررہے ہیں اور یہ دونوں ملک افغان حکومت مخالف طالبان کی لاجسٹک سپورٹ فراہم کرتے ہوئے کابل کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔حالیہ ایام میں افغانستان کے سیکورٹی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ تاجکستان کی سرحد سے طالبان کے اسلحہ سے بھرے ٹرک افغانستان داخل ہوئے ہیں۔ اسلحہ بردار ٹرک روسی ساختہ بتائے جاتے ہیں۔ کابل حکام نے روسی ساختہ اسلحہ بردارٹرک بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود افغانستان لانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے تاجکستان کی سرحد سے اندر داخل ہونے والے اسلحہ سے بھرے روسی ٹرک قبضے میں لے لیے ہیں اور اس حوالے سے سرکاری سطح پر روس سے رابطہ کرنے کی بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ طالبان کے ایک سینئر کمانڈر نے کہا تھا کہ گزشتہ اکتوبر میں قندوز شہر پر قبضے میں روس نے طالبان کی مدد کی تھی مگر یہ قبضہ چند دن ہی تک قائم رہ سکا تھا۔