اٹلی کے شہر بولزانو کے ایک میوزیم نے تارکین وطن سے اکتا کر مفت انٹرنیٹ کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
غیر ملکی میڈیاکے مطابق اٹلی کے شہر بولزانو کے ایک میوزیم نے تارکین وطن سے اکتا کر مفت انٹرنیٹ کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔میوزیم کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ بڑی تعداد میں تارکین وطن روزانہ مفت وائی فائی استعمال کرنے کے لیے عجائب گھر کی عمارت میں جمع ہو جاتے تھے جس کی وجہ سے ناخوشگوار صورت حال پیدا ہو رہی تھی۔
اٹلی کی انسانی حقوق کی تنظیموں اور مہاجرین کی مدد کرنے والی فلاحی تنظیموں کے علاوہ ملکی دانشوروں اور سیاست دانوں نے انٹرنیٹ بند کرنے کے اس فیصلے پر میوزیم کی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
تاہم قدامت پرست اطالوی سیاسی جماعت ناردرن لیگ نے اس معاملے پر میوزیم انتظامیہ کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس جماعت کو اٹلی کے شمالی حصوں میں عوامی مقبولیت حاصل ہے۔ یورپ میں جاری تارکین وطن کے موجودہ بحران کے دوران یونان کے بعد سب سے زیادہ پناہ گزین بحیرہ روم عبور کر کے اٹلی پہنچے ہیں۔