خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی اور یونی لیور پاکستان کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

298

پشاور :محکمہ سیاحت، ثقافت ،کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم و امورنوجوانان خیبرپختونخوا کے زیرانتظام خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اور یونی لیور پاکستان لمیٹڈ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے ۔

مفاہمتی یادداشت کے مطابق یونی لیور پاکستان لمیٹڈ صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف مقامات سیاحوں کی آگاہی کیلئے انٹری بورڈ، ماحولیاتی آگاہی بورڈ، سائن بورڈ، بینچز ، کوڑا دان اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں سائن بورڈ نصب کریگا،مفاہتی یادداشت پر دستخط خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے کانفرنس روم میں ڈائریکٹر ایڈمن اینڈفنانس یوسف علی اور یونی لیورپاکستان لمیٹڈ کے ایئریا منیجر خیبرپختونخوا عاطف حمید خان نے کئے ۔

تفصیلات کے مطابق یہ اشیاء خیبرپختونخوا کے مختلف سیاحتی مقامات میں نصب کئے جائینگے,جن میں 75بینچز، 150کوڑا دان، 45 حفاظتی اقدامات بارے آگاہی سائن بورڈ 60 ماحولیاتی آگاہی سائن بورڈ،یونیورسٹی آف سوات گرین ویلی مارٹ کے قریب 2 سائن بورڈز، مالم جبہ میں ماحول کی صفائی سے متعلق 2 سائن بورڈز ، کار پارکنگ میں ماحول دوست سائن بورڈز جبکہ اس کے علاوہ دکورک چیک پوسٹ، خوازا خیلہ پوسٹ، میاندم چوک، چیل پارک، اودیگرام ریسٹ ایئریا، چارباغ چیک پوسٹ اور دیگر شامل ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمن اینڈفنانس ٹورازم اتھارٹی یوسف علی نے کہاکہ آگاہی سائن بورڈ سیاحوں کی آگاہی کیلئے انتہائی ضروری ہے تاکہ سیاح سیر وتفریح کیلئے ان مقامات کا رخ کرنے کیساتھ ساتھ ماحول کو صاف ، سیاحتی مقامات کو جانے والے راستے اور دیگر چیزوں کے بارے میں آگاہی حاصل کرسکے ۔

یونی لیورپاکستان لمیٹڈ کے ایئریا منیجر خیبرپختونخوا عاطف حمید خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یونی لیور پاکستان صوبے میں ماحول دوست کی خواہاں ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ اور آگاہی کیلئے اپنی طرف سے تعاون کرسکے۔

منیجر ایونٹس خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی حسینہ شوکت کا کہنا تھا کہ یونی لیور اور خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی صوبہ میں سیاحت کے رونمائی کیساتھ ساتھ سیاحوں کی آگاہی میں بھی مل کر اقدامات کرینگے ،سائن بورڈز کی تنصیب سے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے ، سیاحتی مقامات تک رسائی اور دیگر چیزوں بارے مدد ملے گی۔